لاڑکانہ۔(ہمیشہ پاکستان) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نشان امتیاز کو رتو ڈیرو اور نوڈیرو سمیت پورے ضلع لاڑکانہ کے عوام کے نام کردیا ہے۔وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر چل رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوڈیرو میں پیپلز اسٹیڈیم میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ کی وجہ سے میں یہاں تک پہنچا ہوں اور یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔نیو ڈیرو والوں نے میرا ساتھ دیا تو میں نے واشنگٹن اور دیگر جگہ پاکستان کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ نیو ڈیرو اور رتو ڈیرو میں تعمیر شدہ گھروں کا دورہ کیا ہے،جن میں کچھ مکمل ہوئے ہیں اور کچھ مکمل ہونے جا رہے ہیں،عوام اس منصوبے سے خوش ہیں،ایسے منصوبوں کے توسط سے گھر بنا رہے ہیں اور عورتوں کو مضبوط کر رہے ہیں،ان کے بینک اکاونٹ کھلوا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تمام اضلاع میں تمام ایم این ایز،ایم پی ایز کے فنڈ میں ترقیاتی بجٹ میں گنجائش نکالی ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں جو میرے فنڈ ہیں میں چاہوں گا کہ یونین کونسل کی سطح پر ترقیاتی کام کی مد میں خرچ ہوں اور اس حوالے سے مقامی نمائندوں سے مشورہ لیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئے ترقیاتی منصوبے میرے ایم این اے فنڈ کی طرف سے قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں زیادہ تر پانی کا مسئلہ ہے لہذا عوامی نمائندے اس پر بجٹ خرچ کریں اور عوام کو سہولیات دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ رتو ڈیرو میں جو واٹر سپلائی اسکیم بند تھی،اسے دوبارہ شروع کروایا ہے اور سندھ حکومت سے کہا ہے کہ یہاں آبادی بڑھ گئی ہے تو اس میں توسیع کی جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قمبر شہداد کوٹ میں سیوریج کے لئے بجٹ شامل کیا ہے، لاڑکانہ میں بھی سیوریج کے منصوبے پر مزید کام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی اور بلوچستان کے وزیر اعلی سر فراز بگٹی اپنے اپنے صوبوں کی اچھی نمائندگی کر رہے ہیں۔