اسلام آباد .(عدنان امین) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر O-9 پولیس فاؤنڈیشن میں شیر کی مبینہ موجودگی کی خبر نے پورے علاقے کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ مکینوں میں شدید تشویش اور بے چینی پھیل گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق مبینہ طور پر جنگلی جانور کو علاقے میں گھومتے دیکھا گیا، جس کے بعد اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (IWMB) کی ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ ٹیم نے پنجاب وائلڈ لائف، ریسکیو 1122 اور پولیس فاؤنڈیشن کے عملے کے ساتھ مل کر مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ترجمان IWMB نے کہا کہ عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اگر شیر یا کوئی اور خطرناک جانور پایا گیا تو اسے مکمل حفاظتی اقدامات کے تحت قابو میں لیا جائے گا۔
دوسری جانب شہری خوفزدہ ہیں اور حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں تاکہ خدشات کا خاتمہ ہو سکے۔