اسلام آباد (انس ستی) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت، اورنگزیب خان کھچی سے پرنٹ اینڈ الیکٹرانک جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی نومنتخب عہدیداران نے چیئرمین ناصر خان خٹک کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے قومی ورثہ و ثقافت کی ترویج و ترقی میں صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا، قومی ثقافت و روایات کو اجاگر کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے وزارت کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ زبانوں کے فروغ کے لیے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں علاقائی زبانوں میں کانفرنسز منعقد کی جائیں گی، جن میں کشمیر، گلگت بلتستان، کوئٹہ، کراچی، ہزارہ، پشاور، لاہور اور ملتان و دیگر شہر شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد لسانی و ثقافتی تنوع کو قومی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز کے قیام کو 50 سال مکمل ہونے پر رواں سال کے آخر میں ایک عالمی ادبی کانفرنس منعقد کی جائے گی، جبکہ پی این سی اے (پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس) میں عالمی خطاطی مقابلے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔یومِ آزادی کے موقع پر وزارت کے تمام ماتحت اداروں میں خصوصی تقریبات، نمائشیں اور ثقافتی سرگرمیاں ترتیب دی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، لوک ورثہ میں میو برادری کا خصوصی پویلین قائم کر دیا گیا ہے، اور مستقبل میں دیگر برادریوں کے ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک بھر سے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے پال (Pakistan Academy of Letters)، پی این سی اے اور دیگر اداروں کے تعاون سے پروگرامز کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ موسیقی، ادب، خطاطی اور دیگر فنون میں مہارت رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوک ورثہ اسلام آباد میں ایک معیاری ریسٹورنٹ کے قیام کے لیے ٹینڈر جاری کیا گیا ہے، جس کا مقصد نہ صرف ریونیو پیدا کرنا بلکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اعلیٰ معیار کی خوراک اور آرام دہ و کلچرل ماحول فراہم کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزارت کی ملکیتی زمین پر دریائے سواں کے کنارے کسی بڑے ہوٹل چین کے قیام پر بھی کام جاری ہے، جہاں ایک تاریخی فورٹ (قلعہ) بھی واقع ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ ثقافتی ورثے کی تشہیر اور حکومتی آمدن میں بھی اضافہ ہو گا۔ ملاقات کا اختتام باہمی تعاون کے عزم اور قومی ثقافت کے فروغ میں مل کر کام کرنے کے عہد کے ساتھ ہوا۔ ملاقات چیئرمین پیجا ناصر خان خٹک کے ہمراہ نو منتخب عہدیداران جنرل سیکرٹری راجہ طاہر محمود، نائب صدور ضمیر حسین ضمیر، خالد حسین شاہ، جوائنٹ سیکرٹریز، مشتاق احمد ملک، چوہدری گلزار ناز، راحیلہ راجہ، انفارمیشن سیکرٹری قاسم جمشید، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ثاقب قریشی اور ممبران گورننگ باڈی محمد ارشد، رانا شہزاد نعیم، محمد جمیل قریشی , ملک شاہ زمان شامل تھے.
پرنٹ اینڈ الیکٹرانک جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی نومنتخب باڈی کی وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے ملاقات
