لاہور (ہمییشہ پاکستان) – پنجاب حکومت نے تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت سرکاری اسکولوں کے نویں اور دسویں جماعت کے طلباء کو مفت “اسمارٹ ٹیبلٹس” فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ اس منصوبے کا مقصد طلباء کو آن لائن تعلیمی مواد، ویڈیوز، اور ای-کتب تک رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ جدید تعلیم کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
ابتدائی طور پر یہ منصوبہ 500 اسکولوں میں شروع کیا جائے گا، اور اگر کامیاب رہا تو اسے پورے صوبے میں توسیع دی جائے گی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق یہ ٹیبلٹس اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں تعلیمی ایپس سے لیس ہوں گے، اور ان میں امتحانات کی تیاری کا مواد بھی شامل ہوگا۔
اساتذہ اور والدین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قدم بچوں کو روایتی طریقہ تدریس سے ہٹا کر ڈیجیٹل تعلیم کی طرف لے جائے گا۔