پاک فضائیہ کا تربیتی ہیلی کاپٹر ہڈور گائوں کے قریب گر کر تباہ ، پائلٹ سمیت عملہ کے پانچ ارکان شہید ہو گئے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔(انس سکندر) پاک فضائیہ کا تربیتی ہیلی کاپٹر ایم آئی۔17 ہڈور گائوں کے قریب گر کر تباہ ہونے سے پائلٹ سمیت عملہ کے پانچ ارکان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پیر کو ایک ایم آئی۔17 ہیلی کاپٹر ٹھک داس چھاؤنی سے تقریباً 12 کلومیٹر دور ہڈور گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی اور یہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں جہاز میں موجود عملے کے تمام ارکان شہید ہو گئے جن میں پائلٹ ان کمانڈ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر شامل ہیں۔

تربیتی مشن آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد آپریشنل سپورٹ سے لے کر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور آفات سے نجات تک مختلف سرگرمیوں کو انجام دینے کے لئے آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنا ہے۔پاکستان کی مسلح افواج ہر پہلو سے تیاری کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں