اسلام آباد.(انس سکندر) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اپنے مستحقین کے لئے شکایات کے اندراج سے لے کر ان کےحل تک کیلئے ایک منفرد اور شفاف شکایتی نظام (Integrated Grievance Management System – iGMS) کا اجراء کردیا ہے۔ بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ نظام ایشیائی ترقیاتی بینک کی تکنیکی معاونت سے تیار کیا گیا ہے جو پاکستان کے سب سے زیادہ مستحق خاندانوں کے لئے بہترخدمات کی فراہمی اور جوابدہی کے حوالے سے بی آئی ایس پی کو مزید تقویت ملے گی ۔نظام کا باضابطہ افتتاح صدر اے ڈی بی مساتو کنڈا نے بی آئی ایس پی ون ونڈو فیسیلیٹیشن سینٹر اسلام آباد میں اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کیا۔
اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے بھی شرکت کی ۔چیئرپرسن اور سیکرٹری بی آئی ایس پی نے اعلیٰ سطحی مہمان وفد کا خیر مقدم کیا۔ وفد کے اراکین میں کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی ایما فین، چیف ایڈوائزر کیچیرو انوئی، سینئر مشیرجان جوہیون جیونگ، ڈائریکٹر جنرل CWRD ADB لیہ سی گوٹیریز، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نور احمد، سینئر پراجیکٹ آفیسر SG-HSDمنصور علی مسعود، ایڈیشنل سیکرٹری سبینہ قریشی اور سینئر جوائنٹ سیکرٹری EAD میران محی الدین سومرو شامل تھے۔اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی نہ صرف مالی معاونت فراہم کرنے والا ایک پروگرام ہے بلکہ خواتین کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے لیے شناختی کارڈ کو لازمی قرار دینے سے خواتین کو شناخت ملی ہے اور خواتین کو گھرانے کی سربراہ قرار دینا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے انقلابی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل رجسٹریشن وینز (MRVs)، بینظیر تعلیمی وظائف، بینظیر نشوونما آگاہی ، ادائیگی کی سہولیات اور ہائبرڈ سوشل پروٹیکشن سکیم کو ون ونڈو ماڈل کے تحت مربوط کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے وفد کو بی آئی ایس پی کے بنیادی پروگراموں، نئے اقدامات اور آئندہ کی اصلاحات سے آگاہ کیا۔ وفد نے ون ونڈو کے تحت مختلف کاؤنٹرز کا دورہ کیا اور مستحقین سے ملاقات کی۔ اس دوران صدر اے ڈی بی، مساتو کنڈا نے بینظیر تعلیمی وظائف کے تحت اندراج شدہ بچوں اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور بی آئی ایس پی کی معاونت کے بارے میں دریافت کیا۔
وفد نے بی آئی ایس پی ون ونڈو سینٹر میں مستحقین کے لئے فراہم کی جانے والی معیاری سہولیات، شفافیت اور آسان رسائی کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے صدر اے ڈی بی کو ایک سووینئر بھی پیش کیا۔