اسلام آباد (ہمیشہ پاکستان )اسلام آباد پولیس کے 67 شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پولیس کمیونٹی سنٹر اسلام آباد میں پروقار تقریب کا انعقاد، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی بطور مہمان خصوصی شرکت۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ تقریب میں چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں کی شرکت۔ تقریب میں شہدائے پولیس کے اہلخانہ و بچوں ،تاجربرادری کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ تقریب میں اسلام آباد پولیس کے شہداء کی ملک و قوم کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکاءکو شہدائے پولیس پر فلمائی گئی ڈاکومنٹریز اور ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔وزیرمملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کے شہداء نے ملک و قوم کی حفاظت کے لئے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں پیش کیں، ان کی ملک و قوم کے لئے یہ قربانیاں ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھی جائیں گی، “یوم شہداء پولیس” شہداء کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے اور تجدید عہد کا دن ہے۔ شہداء اسلام آباد پولیس کی قربانیوں کی بدولت وفاقی دارلحکومت اسلام آباد دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار پایا، اسلام آباد میں وقوع پذیر ہونے والے 97 فیصد بڑے کیسز کو ریکارڈ ٹائم پر حل کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا گیا، میں فخر سے کہہ سکتا ہو کہ اسلام آباد پولیس پاکستان کی تمام پولیس میں اول نمبر پر ہیں۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے پولیس کے عظیم احسانات اور قربانیاں لازوال ہیں، ہم دکھ سکھ کی ہر گھڑی میں شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، اسلام آباد پولیس کے 67 شہداء نے فرض کی راہ میں اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، ہم فرض کی راہ میں لازوال قربانیاں پیش کرنے والے شہدا ءکے بچوں کے وارث ہیں۔ انہی شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے 67 شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی بطور مہمان خصوصی شرکت۔
