اسلام آباد (عدنان امین) تھانہ کھنہ کی حدود وحید آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھریلو ناچاقی نے جان لے لی۔ ذرائع کے مطابق ٹیوب ویل نمبر 18 کے قریب میاں بیوی کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا جس دوران فائرنگ کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، جبکہ روح اللہ نامی شخص شدید زخمی ہوکر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے 30 بور پستول برآمد کر کے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ مقتولہ اور زخمی کے درمیان جھگڑے کی نوعیت اور پس پردہ حقائق جاننے کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے فرانزک ٹیم کو بھی طلب کر لیا ہے جبکہ اہلِ علاقہ کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اصل محرکات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔
پولیس نے مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی اور قانونی کارروائی جاری ہے۔