اسلام آباد .(عدنان امین) وفاقی دارالحکومت کے علاقے ترامڑی میں ایک دل دہلا دینے والا خاندانی سانحہ پیش آیا، جہاں سفاک ملزم نے اپنے والد اور بہن کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم پہلی واردات کے بعد راولپنڈی پہنچا اور وہاں دوسری بہن کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا، اس کے بعد محض تین ماہ کے بھانجے کو ذبح کر دیا جس کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم قریبی رشتہ دار ہے اور ابتدائی تفتیش میں گھریلو جھگڑے اور پرانی رنجش کو واردات کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے انتہائی سفاکی کا مظاہرہ کیا اور مزاحمت کرنے والوں کو بھی دھمکیاں دیں۔
پہلی واردات اسلام آباد کے علاقے ترامڑی میں پیش آئی، جہاں ملزم نے تیز دھار آلے سے اپنے والد اور بہن کی جان لی۔ اس کے بعد وہ فرار ہو کر راولپنڈی گیا اور دوسری بہن کو قتل کر دیا۔ اسی گھر میں اس نے اپنے تین ماہ کے بھانجے پر بھی حملہ کیا، جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بچے کی حالت بدستور نازک ہے اور اسے آئی سی یو میں زیرِ علاج رکھا گیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری دونوں مقامات پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
دوسری جانب اس دل خراش واقعے نے دونوں شہروں میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی ہے جبکہ اہل علاقہ اور رشتہ دار شدید صدمے اور غم میں مبتلا ہیں۔