اسلام آباد (محمد جنید)تھانہ کھنہ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں سرگرم ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے اس کے پانچ کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ “شاہ جی گینگ” کے نام سے سرگرم تھا اور شہر کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار کی وارداتیں کر رہا تھا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان کئی مقدمات میں مطلوب تھے اور پولیس کو طویل عرصے سے ان کی تلاش تھی۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان کے مطابق ملزمان کے خلاف تمام تر قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس منظم اور متحرک جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بھرپور اور مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔