آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت سیف سٹی میں کمانڈ کانفرنس کا انعقاد، یوم آزادی کے حوالے سے سکیورٹی پروگرامز پر بریفنگ

اسلام آباد (اصغر علی) انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی سربراہی میں سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطحی کمانڈ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسلام آباد پولیس کے تمام سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے جامع انتظامات، جرائم کی روک تھام، اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کانفرنس میں اسلام آباد کے تمام ڈویژن کے ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، اے آئی جیز اور ایس پیز موجود تھے۔ تمام ڈویژنز نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں، جبکہ 13 اور 14 اگست کے سکیورٹی انتظامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ ٹریفک ڈویژن نے بھی اہم شاہراہوں اور مقامات پر ٹریفک پلان پر بریفنگ دی۔

آئی جی اسلام آباد نے حال ہی میں تعینات ہونے والے ایس پی سٹی سلمان ظفر کی کرائم فائٹنگ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اشتہاری اور عادی جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے، جس کے مثبت اثرات دارالحکومت کے امن و امان پر مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور موثر حکمت عملی کے نتیجے میں گاڑی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ سیف سٹی پروجیکٹ نہ صرف جرائم کی روک تھام بلکہ ٹریفک مینجمنٹ میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

آئی جی نے ہدایت دی کہ وفاقی دارالحکومت میں یوم آزادی کے موقع پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، آتش بازی یا ہلڑ بازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ غیر قانونی اسلحہ کی نمائش پر بھی زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔

مزید برآں، انہوں نے ڈی جی سیف سٹی کو شہری سہولیات سے متعلق مزید موبائل ایپلیکیشنز کی تیاری کی ہدایات دیں، تاکہ شہریوں کو جدید ذرائع کے ذریعے فوری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح امن و امان کا قیام، جرائم کا انسداد اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں